کراچی : پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک، دو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی کے علاقے فیروز آباد، جمشید کوارٹرز اور کلاکوٹ پولیس نے مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک اور دو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
ایس ایچ او فیروز آباد نے بتایا کہ شہید ملت روڈ سدا بہار شادی ہال کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔ہلاک ڈاکو کی شناخت یاسر عرف شعلہ کے نام سے ہوئی جو کہ 12 جولائی کو بہادر آباد کے علاقے ٹیپو سلطان روڈ پر سیکیورٹی گارڈ اختر حسین سے اسلحہ چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کرنے کی واردات میں ملوث ہے۔واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اور سیکیورٹی گارڈ کو مزاحمت پر قتل کرنے کا مقدمہ نمبر 196 سال 2026 بہادر آباد تھانے میں درج ہے۔مارے جانے والے ڈاکو کے قبضے سے 2 پستول، چھینے ہوئے موبائل فونز اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، مارے جانے والا ڈاکو بلوچ کالونی کا رہائشی ہے۔ پولیس نے ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
جمشید کوارٹرز پولیس نے کشمیر روڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، ترجمان ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے مطابق پولیس نے تعاقب اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو اصغر علی کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ، گولیاں، چلیدہ خول اور موٹر سائیکل برآمد کرلی۔
Leave A Comment