بلوچستان: اے این ایف کی کارروائی، 96 من سے زائد منشیات برآمد، مالیت 56 کروڑ روپے
اینٹی نارکوٹکس فورس نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں خفیہ ٹھکانے پرچھاپہ مارکارروائی کے دوران بیرون ملک اسمگل کیلیے جمع کی جانے والی 96من سے زائد منشیات تحویل میں لےلی،بین الاقوامی منڈی میں پکڑی جانے والی چرس،میتھ ایمفیٹامائن(آئس)اورہیروئن کی مالیت لگ بھگ 56کروڑروپے ہے۔منشیات کی اسمگلنگ کےخلاف کریک ڈاون کےدوران بلوچستان کےضلع کیچ کےعلاقے جُوسک میں ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3825 کلوگرام منشیات کی بھاری مقدار برآمد کر لی گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مذکورہ مقام پر موجود کمپاؤنڈ کو مبینہ طور پر منشیات کی سپلائی کی غرض سےعارضی طورپرمنشیات ذخیرہ کرنے کےلیے استعمال کیا جارہاتھا۔کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی منشیات میں 2454 کلوگرام چرس، 1363 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) اور 8 کلوگرام ہیروئن شامل ہے،جس کی مجموعی مالیت 56کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات افغانستان سے پاکستان اسمگل کی گئی تھی جو محفوظ اشارہ ملنے پر سمندری راستے سے بیرون ملک اسمگل کی جانی تھیں۔منشیات قبضے میں لے کراس سے منسلک اسمگلنگ نیٹ ورک اورسہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور گرفتاریوں کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔