سعودی عرب کا ایشیا کیلئے خام تیل سستا کرنے کا فیصلہ
سعودی عرب نے نومبر میں ایشیائی خریداروں کو فروخت کیے جانے والے خام تیل کی قیمتوں میں غیر متوقع طور پر بڑی کمی کردی، جبکہ شمال مغربی یورپ اور بحیرہ روم کے لیے خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔قیمتوں سے متعلق دستاویز کے مطابق سعودی آرامکو نے ایشیا کے لیے اپنے اہم گریڈ عرب لائٹ کی نومبر کی سرکاری فروخت قیمت عمان اور دبئی کی اوسط قیمت سے 5 ڈالر فی بیرل کم مقرر کی ہے، جو گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 3 ڈالر فی بیرل کم ہے۔ یہ جون 2020 کے بعد ایشیائی خریداروں کے لیے خام تیل پر دی جانے والی سب سے بڑی رعایت ہے۔
ماہرین نے نومبر کے لیے سعودی خام تیل کی قیمت میں 5 ڈالر فی بیرل تک اضافے کی توقع ظاہر کی تھی، تاہم سعودی آرامکو نے توقعات کے برعکس ایشیا کے لیے قیمتیں کم کردیں۔آرامکو نے ایشیا کو فراہم کیے جانے والے بھاری گریڈز عرب میڈیم اور عرب ہیوی کی نومبر کی سرکاری فروخت قیمتوں میں بھی 5 ڈالر فی بیرل کمی کردی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ برینٹ خام تیل کے مستقبل کے معاہدے 66 سینٹ، یعنی 0.65 فیصد کمی کے بعد 101.59 ڈالر فی بیرل پر آگئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت 95 سینٹ، یعنی 1.03 فیصد کمی کے بعد 90.12 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔