سعودی طیاروں کی صنعا میں بمباری، پیٹرولیم کمپنی کے 6 ملازمین زخمی
یمن کے دارالحکومت صنعا میں سرکاری تیل کمپنی کی تنصیب پر مبینہ فضائی حملے میں کم از کم چھ ملازمین زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے ایک ڈرون اور ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں تباہ کر دیا ہے۔
حوثیوں سے منسلک ’یمن‘ نیوز ایجنسی نے وزارت صحت و ماحولیات کے ترجمان انیس الاصباحی کے حوالے سے بتایا کہ سعودی طیاروں نے صنعا کی 60ویں اسٹریٹ پر سرکاری تیل کمپنی کے زیر انتظام ایک فیول اسٹیشن کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں چھ ملازمین زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔ یمن کے مختلف علاقوں میں سعودی اتحادی افواج کے حملوں میں ہلاکتوں کی بھی اطلاعات ہیں، جہاں مختلف رپورٹس میں دو سے پانچ حوثی جنگجوؤں کی ہلاکت اور 18 کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جبکہ مقامی حکام کے مطابق حملے میں کمپنی کے مرکزی دفتر کو بھی نقصان پہنچا۔
انصار اللہ کے نام سے پہچانے جانے والے مسلح گروہ حوثیوں کے خلاف برسرپیکار سعودی عرفب کے زیرِ قیادت اتحاد کی جانب سے صنعا میں تیل کمپنی پر حملے کے دعوے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔
سعودی اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے حوثیوں کی جانب سے دارالحکومت ریاض کی طرف بھیجے گئے ایک ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔ترجمان نے اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔