مشرقِ وسطیٰ سے خام تیل کی برآمدات ایران جنگ سے پہلے کی سطح سے تجاوز کر گئیں
ستمبر کے آخری ہفتے کے 7 دنوں میں سے 4 دن مشرقِ وسطیٰ سے خام تیل کی برآمدات جنگ سے پہلے کی سطح سے زیادہ رہیں۔ اعداد و شمار میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 24 ستمبر اور 27 سے 29 ستمبر کے دوران خطے سے خام تیل کی برآمدات روزانہ 19.5 ملین سے 22.5 ملین بیرل تک پہنچ گئیں جبکہ ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جنگ شروع ہونے سے قبل ایک سال کے دوران اوسط برآمدات 18 ملین بیرل یومیہ تھیں۔جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق یکم اکتوبر کو خام تیل کی 7 روزہ اوسط برآمدات 18.5 ملین بیرل یومیہ رہیں۔ان اعداد و شمار میں آبنائے ہرمز، بحیرۂ احمر کے راستے ترسیل، تیل کے ٹرمینلز سے برآمدات اور خلیج عمان میں ایک جہاز سے دوسرے جہاز میں تیل کی منتقلی بھی شامل ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق خطے میں تیل بردار جہازوں پر حملوں میں اضافے کے باوجود برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ ہفتے آبنائے ہرمز میں 7 حملے رپورٹ ہوئے جبکہ برطانوی بحری تجارتی ادارے کے مطابق 2 اکتوبر سے آبنائے ہرمز یا خلیج عدن میں روزانہ کم از کم 1 حملہ رپورٹ کیا گیا ہے۔