راولپنڈی: 2 بیٹیوں سمیت اغواء ہونیوالی خاتون قتل، بچیاں بازیاب، دیور گرفتار
ڈھوک جنگ سے 16 روز قبل 2کمسن بیٹیوں سمیت اغواء ہونے والی 28 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے دونوں بچیوں کو بحفاظت بازیاب کروا کے خاتون کے دیور کو گرفتار کرلیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون نبیلہ شاہین کو ڈیڑھ سالہ بیٹی آیت نور اور 4 سالہ شفاء نور سمیت 12 ستمبر کو اغوا ءکیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میں خاتون کے بھائی نبیل جاوید کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مقدمے کی تفتیش کے دوران خاتون کے دیور کو شامل تفتیش کیا گیا، جس سے مبینہ طور پر اہم انکشافات سامنے آئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر جائیداد کے تنازع اور سابقہ مقدمہ بازی کی بنا پر اپنی بھابھی کو مبینہ طور پر گولی مار کر قتل کیا۔ خاتون کی لاش گڑھے میں دفن کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔ ملزم دونوں کمسن بچیوں کو بھی قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں بازیاب کروا لیا۔ ڈیڑھ سالہ آیت نور اور 4 سالہ شفاء نور کو گرفتار ملزم کی نشاندہی پر بازیاب کیا گیا۔