کراچی:مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، دو زخمیوں سمیت 3 ڈاکو گرفتار
مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران دو زخمیوں سمیت 3 مبینہ ڈاکو گرفتار کرلیے گئے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی۔
حیدری مارکیٹ پولیس کا نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔زخمی ملزم کی شناخت رشید کے نام سے ہوئی جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سپرمارکیٹ پولیس کا لیاقت آباد سی ون ایریا میں مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں زخمی سمیت 2 مبینہ ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت خاور کے نام سے ہوئی، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ گرفتار دوسرے ملزم محسن کو پولیس نے تھانے منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے جبکہ ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔