امریکا 9/11 حملوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا: صدر ٹرمپ کا پینٹاگون میں یادگاری تقریب سے خطاب
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کی 25ویں برسی پر متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ان واقعات کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ پینٹاگون میں یادگاری تقریب سے خطاب میں ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے، امریکا کے تحفظ اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
واشنگٹن میں پینٹاگون کی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے 11 ستمبر 2001 کے حملوں میں جان گنوانے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حملوں میں 2 ہزار 977 افراد جان سے گئے، جب کہ اس کے بعد آنے والے ہفتوں اور برسوں میں بھی مزید لوگ ہلاک ہوئے۔ امریکا 11 ستمبر کے واقعات کو کبھی فراموش نہیں کرے گا اور آج بھی ان حملوں کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کو یاد کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا آج بھی دہشت گردی کے خلاف لڑ رہا ہے اور اس کا مقابلہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ 25 برس بعد بھی دنیا دوبارہ اس مقام پر نہیں لوٹی جہاں وہ 11 ستمبر سے پہلے تھی۔ انہوں نے نیویارک کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے جڑواں ٹاورز، پینٹاگون پر حملے اور پنسلوانیا میں فلائٹ 93 کے گرنے کے واقعات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس دن نے امریکا کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا۔امریکی صدر نے فلائٹ 93 کے مسافروں اور عملے کی بہادری کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے نیو جرسی سے تعلق رکھنے والے مسافر ٹوڈ بیمر کا ذکر کیا، جنہوں نے ایک فون آپریٹر کے ساتھ دعا پڑھی اور اس کے بعد ’لیٹس رول‘ کے الفاظ کہے، جو بعد میں 11 ستمبر کے بعد مزاحمت اور حوصلے کی علامت بن گئے۔ٹرمپ کے مطابق فلائٹ 93 کے مسافروں اور عملے نے طیارہ ہائی جیک کرنے والوں کے خلاف مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں طیارہ پنسلوانیا کے علاقے شنکس وِل کے قریب گر کر تباہ ہوگیا اور اپنے ممکنہ ہدف تک نہیں پہنچ سکا۔
امریکی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا کو گزشتہ 25 برس کے دوران مختلف چیلنجز کا سامنا رہا ہے، تاہم ملک ان مشکلات پر قابو پا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا غیر معمولی انداز میں اپنے ملک اور اس کے عوام کا تحفظ کرے گا۔ایران کے جوہری پروگرام پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں ہوگا۔صدر ٹرمپ نے پینٹاگون میں موجود امریکی فوجی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں کہ ان کے بقول ’دنیا میں دہشت گردی کی سب سے بڑی سرپرست‘ اسلامی جمہوریہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے۔ بدترین حالات دیکھ لینے کے باوجود مستقبل پر یقین رکھنا ہی ایمان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا 11 ستمبر 2001 کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا، ان کی زندگیوں کا احترام کرے گا اور ان کی یادوں کو عزیز رکھے گا۔
امریکی صدر نے عزم ظاہر کیا کہ امریکا آنے والی نسلوں کے لیے ملک اور اس کی آزادیوں کا تحفظ جاری رکھے گا اور دہشت گردی سمیت درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرتا رہے گا۔