وسطی افریقی جمہوریہ میں کیمرون کی سرحد کے قریب غیر قانونی سونے کی کان زمیں بوس ہونے سے 100 سے زائد افراد ہلاک
وسطی افریقی جمہوریہ میں کیمرون کی سرحد کے قریب غیر قانونی سونے کی کان زمیں بوس ہونے سے 100 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔سونے کی کان بیٹھنے کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی اور لاپتا بھی بتائے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حادثہ نانا مامبیرے صوبے کے زامبوئے گاؤں میں پیش آیا، جو بابوا قصبے سے تقریباً 50 کلومیٹر دور اور کیمرون کی سرحد کے نزدیک واقع ہے۔مقامی حکام کے مطابق کان میں اچانک زمین کھسکنے اور زیرِ زمین سرنگوں کے منہدم ہونے سے درجنوں افراد مٹی تلے دب گئے۔
ریڈ کراس کے رضاکاروں اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری ریسکیو کارروائیاں شروع کیں۔ ابتدائی مرحلے میں درجنوں لاشیں نکالی گئیں، تاہم بعد ازاں امدادی ذرائع نے تصدیق کی کہ مرنے والوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر چکی ہے اور کئی زخمیوں کو قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا ہے۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے، متاثرین کی شناخت اور ممکنہ غفلت یا مجرمانہ ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
حکومت نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں تعاون کا یقین دلایا ہے، جبکہ کیمرون کی جانب سے بھی طبی امداد کی پیشکش کی گئی ہے۔