تازہ ترین

امریکا کی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر بریانا جانسن، جو ڈریم ڈول بری  کے نام سے جانی جاتی تھیں، فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہو گئیں۔پولیس کے مطابق 21 سالہ بریانا جانسن لائم گرین رنگ کی لگژری کار لمبرگینی یورس  چلا رہی تھیں، جبکہ گاڑی میں ان کے ساتھ 2 دیگر افراد بھی سوار تھے، اسی دوران نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے بعد گاڑی بے قابو ہو کر ایک رہائشی مکان سے جا ٹکرائی، واقعے میں بریانا جانسن موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں، جبکہ گاڑی میں موجود دیگر 2 افراد زخمی ہو گئے، جنہیں مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے واقعے کو ٹارگٹڈ حملہ قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ واقعہ سن شائن بلیوارڈ پر پیش آیا، پولیس حملہ آوروں کی تلاش میں مصروف ہے۔پولیس کی جانب سے جاری کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے بعد بریانا کی گاڑی چوراہے سے گزرتے ہوئے بے قابو ہو کر ایک گھر سے ٹکرا گئی، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فائرنگ سے قبل ایک گیس اسٹیشن پر جھگڑا ہوا تھا۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ متاثرہ افراد اس سے قبل ایک قریبی گھر میں ہونے والی پارٹی میں شریک تھے، جہاں سے واپسی کے دوران ان کی گاڑی کا تعاقب کر کے حملہ کیا گیا۔

بریانا جانسن سوشل میڈیا پر لائف اسٹائل سے متعلق مواد شیئر کرتی تھیں، ان کے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر مجموعی طور پر تقریباً 5 لاکھ فالوورز تھے۔ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 3 لاکھ 88 ہزار جبکہ انسٹاگرام پر تقریباً 88 ہزار 800 فالوورز موجود تھے۔

 

Leave A Comment

Advertisement