کراچی: بیٹے نے سوتیلی ماں کوقتل کر دیا
اورنگی ٹاؤن میں بیٹے نے سوتیلی ماں کو کلہاڑی کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا، واقعے کے وقت مقتولہ کی مدد کرنے والا پڑوسی بھی زخمی ہوا۔پولیس نے شدید مزاحمت کے بعد ملزم بیٹے کو گرفتار کر لیا۔اورنگی ٹاؤن تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر ایک سیکٹر 6 ای عبداللہ سویٹس شاپ والی گلی میں واقع گھر میں بیٹے نے سوتیلی ماں کو کلہاڑی کے پے در پے وار کرکے قتل کر دیا، واقعے کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔پولیس نے شدید مزاحمت کے بعد ملزم بیٹے کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے واقعے میں استعمال ہونے والا آلہ قتل (کلہاڑی) بھی برآمد کرلی۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق مقتولہ خاتون کی شناخت 50 سالہ فہمیدہ زوجہ لطیف کے نام سے کی گئی جبکہ گرفتار بیٹے کی شناخت شوکت علی ولد لطیف کے نام سے کی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم کے والد نے 17/18 سال قبل مقتولہ سے دوسری شادی کی تھی،بظاہر یہی رنجش قتل کی وجہ معلوم ہوتی ہے۔ گرفتار ملزم اور اس کی والدہ (مقتولہ کے شوہر کی پہلی بیوی) کا تعلق بہاولنگر سے بتایا جاتا ہے۔زخمی پڑوسی اور مقتولہ کی لاش قانونی کاروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔