تازہ ترین

اے وی سی سی پولیس نے ماڈل کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ایوب گوٹھ سے تاوان کی غرض سے اغوا کیے جانے والے 13 سالہ بچے کو بحفاظت بازیاب کرکے بچے کے اغوا میں ملوث 2 بھائیوں کو گرفتار کر لیا۔ اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس نے ماڈل کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ایوب گوٹھ سے تاوان کی غرض سے اغوا کیے جانے والے 13 سالہ بچے کو بحفاظت بازیاب کرکے بچے کے اغوا میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق 20 جون کو 13 سالہ طفل یاسر ولد شیر محمد اپنے گھر سے اپنے چچا کے ہمراہ معمول کے مطابق کام پر جانے کے لیے نکلا تھا جسے اس کے چچا نے پرانی ایوب گوٹھ چوکی پر اتارا جہاں مغوی طفل یاسر کو سفید رنگ کی گاڑی میں سوار نامعلوم ملزمان نے اغوا کر لیا۔

اغوا کاروں نے 13 سالہ طفل کی بازیابی کے لیے 20 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا، 13 سالہ طفل کے اغوا کا مقدمہ سائٹ سپر ہائیوے تھانے میں درج کیا گیا اور مقدمے کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرائم سیل پولیس کو منتقل ہوگئی۔  مغوی طفل کی بازیابی کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی اور خصوصی ٹیم نے ٹیکنیکل بنیادوں اور ہیومن انٹیلیجنس پر کام کرتے ہوئے ماڈل کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی طفل یاسر کو باحفاظت بازیاب کرلیا، کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو بھی گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول برآمد کرلی۔گرفتار ملزمان کی شناخت روحیل خان عرف کاشف ولد ناصر محمود اور روحان خان ولد ناصر محمود کے نام سے کی گئی۔ گرفتار ملزمان آپس میں سگے بھائی ہیں۔گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

Leave A Comment

Advertisement