بھارت: دہلی یونیورسٹی کی خاتون پروفیسر کی فلیٹ میں پراسرار ہلاکت
بھارت میں واقع دہلی یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر دیبوسمیتا پال کو ان کے فلیٹ سے مردہ حالت میں برآمد کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ پروفیسر اکیلی رہتی تھیں جبکہ ان کے شوہر بنگلورو میں مقیم ہیں۔ پولیس کو گزشتہ روز دوپہر میں اطلاع ملی کہ پروفیسر دیبوسمیتا پال اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئی ہیں۔اطلاع خاتون پروفیسر کی بہن دیوراتی پال نے دی جنہوں نے بتایا کہ فلیٹ صبح سے باہر سے بند تھا اور بار بار رابطے کے باوجود کوئی جواب نہیں مل رہا تھا، تشویش کے باعث میں تالا توڑ کر اندر داخل ہوئی اور بہن کو مردہ حالت میں پایا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون پروفیسر کے سر پر کسی بھاری چیز سے وار کیے جانے کا گہرا زخم موجود تھا جبکہ کلائی کی رگیں بھی کٹی ہوئی تھیں، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ گھر سے زیورات اور نقدی محفوظ ملی ہے جس سے بظاہر ڈکیتی کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔