انگلینڈ : شدید گرمی، مزید 2 لڑکے ڈوب گئے، ہلاکتیں 11 ہو گئیں
انگلینڈ میں شدید گرمی کی حالیہ لہر کے دوران کھلے پانی میں نہانے کے خطرناک رجحان کے باعث مزید 2 نو عمر لڑکے جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد حالیہ دنوں میں پانی سے متعلق ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 11 تک پہنچ گئی۔s 15 سالہ لڑکے کی لاش کینٹ کے علاقے سوانسکوم میں ایک تالاب سے برآمد ہوئی، ایمرجنسی سروسز کو دوپہر 3 بجے سے کچھ پہلے تیراک کے بارے میں تشویش کی اطلاع موصول ہوئی تھی جس کے بعد سرچ آپریشن کیا گیا۔ ایک علیحدہ واقعے میں 14 سالہ لڑکا آکسفورڈ میں دریائے ٹیمز کے قریب ڈوننگٹن برج کے پاس ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔ریسکیو ٹیموں نے بعد میں اس کی لاش پانی سے نکال لی، ٹیمز ویلی پولیس کے مطابق یہ واقعہ غیر واضح لیکن غیر مشکوک ہے۔حالیہ گرم موسم کے دوران لنکن، ہیلی فیکس، روثرہم، واروکشائر، چیشائر، فارن بورو اور لنکا شائر سمیت مختلف علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے کئی حادثات پیش آئے جن میں متعدد نوجوان ہلاک ہو گئے۔ اس کے علاوہ کارنوال میں 60ء کی دہائی کے ایک مرد اور ویلز میں 70ء کی دہائی کی ایک خاتون بھی کھلے پانی کے حادثات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی میں کھلے پانی میں نہانا انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ پانی کا بہاؤ اچانک تیز ہو کر جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔