پنجاب : ریاست مخالف پروپیگنڈا ،این سی سی آئی اے کا کریک ڈاؤن، 11 افراد گرفتار
ریاست مخالف پروپیگنڈا اور سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف این سی سی آئی اے نے پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 11 افراد کو گرفتار کر لیا۔لاہور، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ میں مختلف کارروائیوں کے دوران ملزمان کو حراست میں لیا گیا جبکہ گرفتار افراد کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ لاہور سے غوث صدیق، اظہر سمیت 3 افراد گرفتار کیے گئے جبکہ فیصل آباد سے 3، ملتان سے 4 اور گوجرانوالہ سے ایک ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ملزمان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اشتعال انگیز اور ریاست مخالف مواد پھیلانے میں ملوث تھے جبکہ ان کے قبضے سے ڈیجیٹل شواہد اور سوشل میڈیا ریکارڈ بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔