ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوئے تو پوری دنیا یرغمال بن جائے گی:صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوئے تو پوری دنیا یرغمال بن جائے گی۔امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر جرمنی کی ایران پالیسی سے متعلق جرمن چانسلر فریڈرک مرز پر تنقید کی اور کہا کہ جرمن چانسلر سمجھتے ہیں ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہونا ٹھیک ہے تو وہ نہیں جانتے کیا کہہ رہے ہیں۔ایران کے پاس ایٹمی ہتھیار ہوئے تو پوری دنیا یرغمال بن جائے گی، میں تہران کے ساتھ وہ کر رہا ہوں جو دوسرے ممالک یا صدور کو بہت پہلے کر لینا چاہیے تھا۔ حیرت نہیں کہ جرمنی معاشی اور دیگر لحاظ سے اتنی بری کارکردگی کا مظاہرہ کیوں کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں شاہ چارلس اور ملکہ کے اعزاز میں عشائیہ کی تقریب سے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ برطانیہ سے آج بھی مضبوط رشتہ ہے،برطانوی شاہ چارلس متفق ہیں کہ ایران جوہری بم نہیں رکھ سکتا، امریکا نے ایران کو 'فوجی شکست' دی ہے۔اس موقع پر شاہ چارلس نے امریکا کے ساتھ غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ یورپ اور امریکا کے درمیان شراکت داری بہت اہم ہے۔
اس سے قبل جرمن وزیر خارجہ کا بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز بحران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کردار ادا کرنا چاہیے۔جرمن وزیر خارجہ نے ایران سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی فوری ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آبی گزر گاہ کی بندش سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور عالمی معیشت خطرے میں ہے۔سلامتی کونسل اپنی ذمہ داری پوری کرے اور بحران کے حل کیلیے قرارداد منظور کرے، ناکہ بندی کے باعث ہزاروں مال بردار بحری جہاز اور 20 ہزار ملاح سمندر میں پھنسے ہیں۔
Leave A Comment