تازہ ترین

آل پاکستان کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے دعویٰ کیا ہے کہ بسنت کے موقع پر صوبہ پنجاب میں 20 ارب روپے سے زائد کا کاروبار ہوا جس سے صوبائی معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچا۔  بسنت کے کامیاب انعقاد کے بعد ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ بسنت کے دوران صرف پتنگ اور ڈور کا کاروبار ہی تین ارب روپے سے زائد رہا جبکہ بانس، کاغذ، مزدوری اور دیگر متعلقہ شعبوں سے وابستہ افراد نے بھی بھرپور روزگار حاصل کیا۔ بانس فروش ہو یا پیپر فروش، مزدور ہو یا کاریگر، سب نے اس تہوار سے فائدہ اٹھایا۔ایسوسی ایشن کے مطابق حکومت کے ساتھ مل کر بسنت کے لیے ایس او پیز تیار کی گئیں، گڈے، پتنگ اور ڈور کے حوالے سے حکومت اور ایسوسی ایشن ایک پیج پر تھیں، جبکہ حکومت کی جانب سے 10 لاکھ سے زائد سیفٹی راڈز نصب کی گئیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ کچھ مواقع پر قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں ایک پنہ جو چار ہزار روپے میں دستیاب تھا، وہ 40 ہزار روپے تک فروخت ہوا۔نمائندوں نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری کے وہ بھی خلاف ہیں اور حکومت کی جانب سے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن افراد نے چرخی استعمال کی وہ قانون سے بالاتر نہیں ہوں گے۔

Leave A Comment

Advertisement