گجرات : چالان ہونے پر شہری دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا
گجرات میں چالان ہونے پر پریشان موٹرسائیکل سوار شہری دل کا دورہ پڑنے سے ٹریفک اہلکاروں کے سامنے ہی جاں بحق ہوگیا۔ طاہر بیگ نامی شہری اپنی موٹرسائیکل پر سفر کر رہا تھا کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں نے اسے پرانے 15 آفس کے سامنے روک لیا۔ پولیس کے مطابق شہری نے ہیلمٹ نہیں پہن رکھا تھا، جس پر ضابطے کے تحت اس کا دو ہزار روپے کا چالان کیا گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ چالان ہونے پر طاہر بیگ شدید پریشانی کا شکار ہوگیا۔ وہ ٹریفک اہلکاروں سے منت سماجت کرتا رہا کہ اس کا چالان معاف کر دیا جائے، تاہم کارروائی مکمل کی گئی۔چند لمحوں بعد اچانک اس کی طبیعت بگڑنے لگی، اسے چکر آئے اور وہ زمین پر گر پڑا۔ موقع پر موجود افراد اور پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی۔ ریسکیو ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسے عزیز بھٹی ہسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں کے مطابق وہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث جانبر نہ ہو سکا۔
Leave A Comment