پورٹو ریکو کی جینیفر باریٹو نے مس یونیورس 2026 کا تاج اپنے نام کر لیا
عالمی سطح پر منعقد ہونے والے مشہور ترین بیوٹی پیجنٹ ’مس یونیورس2026 ’ کا تاج پورٹو ریکو کی 27 سالہ حسینہ جینیفر باریٹو نے اپنے نام کرلیا۔ مقابلے کا 75 واں ایڈیشن پورٹو ریکو کے شہر سان جوآن میں منعقد ہوا، جس میں دنیا بھر سے 116 حسیناؤں نے حصہ لیا۔مقابلے کا فائنل جوزے میگوئل ایگرلوٹ کولیزیم میں منعقد ہوا، جہاں کئی ہفتوں تک جاری رہنے والے مختلف مراحل کے بعد جینیفر باریٹو کو نئی مس یونیورس منتخب کیا گیا۔ انہوں نے 2025 کی فاتح میکسیکو کی فاطمہ بوش کی جگہ یہ اعزاز حاصل کیا۔
جینیفر باریٹو کی کامیابی اس لیے بھی منفرد ہے کہ وہ نفسیات اور کلینیکل سوشل ورک میں اعلیٰ تعلیم رکھتی ہیں۔ انہوں نے نفسیات میں بیچلرز کے علاوہ نفسیات اور کلینیکل سوشل ورک میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔وہ امریکی فوج کے فیملی ایڈووکیسی پروگرام سے وابستہ رہ چکی ہیں، جہاں انہوں نے گھریلو تشدد اور بچوں سے بدسلوکی کی روک تھام سمیت فوجی خاندانوں کی مدد کے لیے کام کیا۔حیران کن طور پر اس مقابلے کی تیاری سے قبل ان کا ماڈلنگ یا مقابلہ حسن کا کوئی تجربہ نہیں تھا اور انہوں نے پہلی بار فروری 2026 میں ریمپ پر واک کی تھی، جس کے چند ماہ بعد جون 2026 میں انہوں نے مس یونیورس پورٹو ریکو کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔مس یونیورس مقابلے کا یہ ایڈیشن اس لیے بھی خاص رہا کہ اس سال مقابلے کو 75 برس مکمل ہوگئے۔ اس موقع پر منتظمین نے ایک نیا تاج بھی متعارف کرایا، جسے ’دی ریڈیئنس آف این ایٹرنل لیگیسی‘ کا نام دیا گیا۔
زیورات کے ڈیزائنر جارج وِٹلز نے پیرس کے جیولری ہاؤس میسن ڈی اور کے اشتراک سے یہ تاج تیار کیا۔ اس میں 18 قیراط سفید سونے کے ساتھ 3 ہزار 150 ہیرے جڑے ہوئے ہیں۔2025 کی فاتح میکسیکو کی فاطمہ بوش نے جینیفر کو ”دی ریڈیئنس آف این ایٹرنل لیگیسی“ نامی یہ نیا تاج پہنایا۔اس سال مقابلے کی میزبانی ٹی وی میزبان ماریو لوپیز اور مس یونیورس 2022 آر بونی گیبریل نے کی۔
واضح رہے کہ مس یونیورس 2025 کا تاج میکسیکو کی فاطمہ بوش نے جیتا تھا اور اب جینیفر باریٹو ان کی جانشین بنی ہیں۔خوبصورتی کے علاوہ، یہ سالانہ مقابلہ بعض تنازعات کی وجہ سے بھی خبروں میں رہا۔ ویزا کے حصول میں مشکلات اور فرنچائز کے تنازعات کے باعث کئی امیدواروں کو مقابلے سے دستبردار ہونا پڑا، جبکہ مس یونیورس اسرائیل کے قومی ملبوسات نے بھی شدید عوامی ردعمل کا سامنا کیا جس نے مقابلے کے دوران کچھ تشویش پیدا کی۔
Leave A Comment