یمن میں پسپائی، سعودی عرب نے اتحادی افواج کے کمانڈر کو تبدیل کر دیا
یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری عسکری مہم کے دوران سعودی حمایت یافتہ سرکاری افواج کو علاقوں سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہونا پڑا ہے، جس کے بعد سعودی عرب نے یمن میں لڑنے والی اتحادی افواج کے کمانڈر کو تبدیل کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رواں سال موسم گرما میں امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے باعث یمن کی منجمد خانہ جنگی ایک بار پھر بھڑک اٹھی اور حوثی باغیوں نے سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کے خلاف تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے اہم علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لیا۔
سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے جاری کردہ شاہی فرمان کے تحت سعودی عرب کے زیرِ قیادت اتحاد کے موجودہ کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن حمد السلمان کو وزارت دفاع میں فوجی امور کا مشیر مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الرویلی کو مشترکہ افواج کے کمانڈر کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔