جنوبی افریقا : فائرنگ کے دو واقعات میں 17 افراد ہلاک
جنوبی افریقا میں ایک ہی رات فائرنگ کے دو الگ واقعات میں 17 افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد پولیس نے ملزمان کی تلاش اور واقعات کی تحقیقات شروع کردیں۔
فائرنگ کا پہلا واقعہ صوبے کوازولو ناتال کے شہر پیٹرمیرٹزبرگ کے قریب سویٹ واٹرز کے علاقے میں پیش آیا جہاں پولیس کو گولیوں سے چھلنی ایک سفید سات نشستوں والی گاڑی ملی۔گاڑی کے اندر آٹھ مردوں کی لاشیں موجود تھیں جنہیں متعدد گولیاں ماری گئی تھیں۔ سب کی موقع پر موت واقع ہوگئی۔ ابتدائی طور پر مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی۔
دوسرا واقعہ دارالحکومت پریٹوریا کے مغرب میں واقع جیفزویل کی غیررسمی بستی میں پیش آیا، جہاں ایک چار کمروں کی جھونپڑی سے نو افراد کی لاشیں ملیں۔پولیس نے بتایا کہ مقتولین میں 6 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ ان سب کو اتوار کی رات دس سے گیارہ بجے کے درمیان قتل کیا گیا۔