گاندھی فیملی پر تنقید، کنگنا رناوت کے خلاف مقدمہ درج
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ اور اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف گاندھی خاندان سے متعلق متنازع سوشل میڈیا پوسٹ کرنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مقدمہ جمعہ 13 نومبر کو شملہ میں ایک مقامی شہری اور ریٹائرڈ کیپٹن اتل شرما کی شکایت پر درج کیا گیا۔ شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا ہے کہ کنگنا کے بیان اشتعال انگیز ہیں اور ان سے عوامی امن و امان متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کنگنا رناوت نے 10 نومبر کو اپنے تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ شیئر کی تھی، جس میں سابق بھارتی وزیراعظم اندرا گاندھی اور ان کے بیٹوں سنجے گاندھی اور راجیو گاندھی کی اموات سے متعلق متنازع اشارے کیے گئے تھے۔
شکایت کنندہ نے پوسٹ میں کانگریس رہنما سونیا گاندھی کے حوالے سے استعمال کیے گئے الفاظ پر بھی اعتراض اٹھایا۔ ان کے مطابق پوسٹ میں سونیا گاندھی کو مبینہ طور پر ایک ’’پراسرار غیر ملکی شخصیت‘‘ قرار دینے کے ساتھ یہ تاثر دیا گیا کہ گاندھی خاندان کے افراد کی یکے بعد دیگرے اموات کے بعد وہ حکومت کے سربراہ کے عہدے تک پہنچ گئیں اور اس کے ساتھ طنزیہ انداز میں یہ جملہ بھی لکھا گیا کہ یہ کتنا آسان اور سہل تھا۔
اس کے علاوہ متنازع پوسٹ میں سنجے گاندھی کی موت کے بعد مانیکا گاندھی کے خاندانی رہائش گاہ چھوڑنے کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔ شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ یہ بیانیہ محض سیاسی تنقید کے دائرے سے باہر ہے اور اس سے عوام میں نفرت پھیلنے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہونے اور امن عامہ کو خطرہ لاحق ہونے کا اندیشہ ہے۔انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ یہ پوسٹ گمراہ کن معلومات پھیلانے کے مترادف ہے جس سے مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو ہوا مل سکتی ہے۔ریٹائرڈ کیپٹن اتل شرما نے جمعرات کی شام ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو ای میل کے ذریعے بھیجی گئی شکایت میں فوری ایف آئی آر کے اندراج اور پوسٹ کی مقررہ وقت میں سائبر فرانزک تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق اس معاملے کی تمام پہلوؤں سے چھان بین کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ کنگنا رناوت کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب 1981 کے آس پاس کی ایک پرانی گھریلو ویڈیو سوشل میڈیا پر دوبارہ گردش کر رہی تھی، جس میں اندرا گاندھی، سونیا گاندھی، مانیکا گاندھی اور کمسن راہول اور پریانکا گاندھی کو ایک ساتھ کھانے کی میز پر دیکھا جا سکتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سوشل میڈیا پوسٹ عین اسی روز سامنے آئی جس دن سونیا گاندھی کی یادداشتوں پر مبنی کتاب کی رونمائی بھی کی گئی۔