پوسٹل لائف انشورنس کے پنشنرز اور ملازمین کی جمع پونجی ادائیگی میں تاخیر کا معاملہ عدالت پہنچ گیا
پوسٹل لائف انشورنس کے پنشنرز، بیواؤں اور سرکاری ملازمین کی جمع پونجی کی ادائیگی میں تاخیر کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری وزیراعظم، وزارت مواصلات، خزانہ، کابینہ ڈویژن سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس محمد ارباب طاہر نے پوسٹل لائف انشورنس فنڈز سے متعلق درخواست پر سماعت کی، جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے وکیل اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ پالیسی ہولڈرز کے تقریباً 48 ارب روپے کہاں گئے؟ وفاقی حکومت اور وزارت خزانہ جواب دیں، وفاقی وزیر مواصلات بھی تسلیم کر چکے ہیں کہ پالیسی ہولڈرز کی رقم وزارت خزانہ کے پاس ہے۔پالیسی ہولڈرز کی رقم وفاقی حکومت کی آمدن نہیں بلکہ ان کی امانت ہے، درخواست میں آئین کے آرٹیکل 78 کا حوالہ دیا گیا اور پوسٹل لائف انشورنس کے فنڈز کی منتقلی، استعمال اور موجودہ حیثیت کی مکمل تفصیلات عدالت میں طلب کرنے کی استدعا کی گئی، آڈیٹر جنرل پاکستان کی خصوصی رپورٹ میں پوسٹل لائف انشورنس کی مالی اور انتظامی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی، پالیسی ہولڈرز کے واجب الادا کلیمز کی ادائیگی کے لیے آزادانہ فرانزک آڈٹ کرانے کی استدعا کی اور کہا کہ انشورنس کلیمز 90 روز میں ادا نہ کرنا انشورنس آرڈیننس 2000 کی دفعہ 118 کے تحت قانونی سوال ہے, وزارت خزانہ، وزارت مواصلات، پاکستان پوسٹ اور ایس ای سی پی کی ذمہ داریوں کا تعین کیا جائے، وفاقی کابینہ کے فیصلے، فنڈز کی منتقلی کے احکامات اور ایکچوریل ویلیوایشن ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کی استدعا کی گئی.
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔