تازہ ترین

پاکستان اور چین کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون کے تحت ایک پاکستانی خلا باز رواں سال چین کے خلائی اسٹیشن جانے والے مشن شینزو 24 میں شامل ہوگا۔ اس مشن کے ذریعے پہلی مرتبہ کسی غیر ملکی خلا باز کو چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت خلائی اسٹیشن جانے کا موقع ملے گا۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق پاکستانی خلا باز اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ (سائنسی آلات اور تجربات سے متعلق امور کے ماہر) کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔

یہ پیش رفت پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعاون کا حصہ ہے، جو چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے۔چین نے تاحال اس پاکستانی خلا باز کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم ستمبر میں پاکستانی خلائی ادارے کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے کو بتایا تھا کہ پاکستانی پائلٹس ذیشان علی اور خرم داؤد کئی ماہ سے بیجنگ کے چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر میں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔چینی حکام نے شینزو 24 مشن کی روانگی کی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا۔ پاکستانی خلا باز مختصر مدت کے لیے چین کے خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے اور بعد ازاں شینزو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔

یہ مشن چین کے انسانی خلائی پروگرام کی تاریخ میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے ذریعے پہلی مرتبہ چینی اور غیر ملکی خلا باز مشترکہ طور پر خلائی پرواز میں حصہ لیں گے۔اس اقدام کو چین کی خلائی سفارت کاری اور پاکستان کے ساتھ سائنسی و تکنیکی تعاون بڑھانے کی کوششوں کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔

 

 

Leave A Comment

Advertisement