سکیورٹی فورسز کی بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کامیاب کارروائیاں، 4 دہشتگرد ہلاک
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ضلع سہراب کے علاقے مال مدرسہ کے قریب آپریشن کر کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔سکیورٹی فورسز نے مال مدرسہ اور بتیگو کے درمیان دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔ سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کر دیا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا، فتنہ الہندوستان کے ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لیا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کر کے 3 خارجی جہنم واصل کئے، کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔سکیورٹی فورسز نے میر علی اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو درستگی سے تباہ کر دیا، فورسز نے خارجی دہشتگردوں کی جانب سے میر علی بازار کے قریب راشن کے ٹرک کو روکنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی۔