تازہ ترین

پاکستان کی مکسڈ مارشل آرٹس (MMA) فائٹر منیشا علی نے انگولا میں منعقدہ آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ملک کی فائٹر کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ہے۔پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن کے اعلامیے کے مطابق انگولا کے دارالحکومت لواینڈا میں کھیلے گئے آئی ایم ایم اے ایف (IMMAF) ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان کی منیشا علی نے میزبان ملک انگولا کی لیونیلا ازابیل بلائی کو دوسرے راؤنڈ میں سبمشن کے ذریعے چت کر کے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

دوسرے راؤنڈ کے اختتام میں صرف 30 سیکنڈ باقی تھے کہ تھکن سے چور انگولن فائٹر نے منیشا پر مُکّوں کی برسات کرتے ہوئے پیش قدمی کی، تاہم لاہور کے بریو جم میں تربیت حاصل کرنے والی اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی منیشا علی نے انتہائی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کو ‘سٹینڈنگ گیلوٹین’ گرپ میں جکڑ لیا اور کھیل ختم ہونے سے 15 سیکنڈ قبل ہی شاندار فتح اپنے نام کر لی۔فتح کا اشارہ ملتے ہی منیشا نے نعرہ تکبیر بلند کیا اور جذبات سے مغلوب ہو کر گھٹنوں کے بل گر پڑیں، شائقین میں موجود ان کی بہن ملیحہ نے بھی ان کی حوصلہ افزائی کی، ریفری نے جب منیشا کا ہاتھ فضا میں بلند کیا تو وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں، اس عالمی ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے 15 ٹاپ رینکنگ ٹیموں نے شرکت کی، جس میں دنیا کے بہترین امیچر ایم ایم اے فائٹرز ایکشن میں نظر آئے۔

منیشا کا اگلا ہدف پاکستان اوپن ہے، جس کے بعد وہ 1 نومبر سے جارجیا میں شروع ہونے والی آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ چیمپئن شپ میں ورلڈ ٹائٹل کے لیے میدان میں اتریں گی۔

Leave A Comment

Advertisement