تازہ ترین

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، عرب و اسلامی دنیا کے معاملات اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی ہے۔

 سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود منگل کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچے، جہاں مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے قاہرہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔سعودی ولی عہد نے اپنے دورۂ مصر کے دوران مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی، جو قاہرہ کے الاتحادیہ پیلس میں ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلے دوطرفہ ملاقات ہوئی، جس کے بعد وسیع سطح پر مذاکرات کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔صدر عبدالفتاح السیسی نے شہزادہ محمد بن سلمان کا مصر میں خیرمقدم کرتے ہوئے مصر کو ان کا دوسرا گھر قرار دیا جب کہ سعودی ولی عہد نے پرتپاک استقبال اور اپنے ہمراہ آنے والے وفد کی شاندار مہمان نوازی پر مصری صدر کا شکریہ ادا کیا۔

سعودی حکام کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور مصر کے درمیان اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

مصری ایوان صدر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا جب کہ عرب اور اسلامی دنیا سے متعلق متعدد امور بھی زیر بحث آئے۔

مذاکرات میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورت حال پر خصوصی توجہ دی گئی، بالخصوص علاقائی سلامتی اور استحکام سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے بحری سلامتی اور آزادانہ بحری آمدورفت کے امور کا بھی جائزہ لیا اور ان معاملات میں دونوں ممالک کی کوششوں کے درمیان رابطہ اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔