انصاف کی بروقت فراہمی ضروری، تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں: چیف جسٹس
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ انصاف کی بروقت فراہمی ضروری ہے، تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ججز بہترین انداز میں انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں، ضلعی عدالتیں نظام انصاف میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ضلعی عدالتوں اور ہائیکورٹ کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط کرنا ہوگی، ضلعی عدالتیں انصاف کی فراہمی کیلئے درکار فہرست ہمیں بھجوائیں۔ملک بھر میں جامع نظام انصاف کیلئے عدلیہ کی ضروریات پوری کی جائیں گی، ہم نے عدالتی ضابطہ اخلاق میں اصلاحات متعارف کرائی ہیں، ایمانداری سے فرائض انجام دیں۔
عدالتوں کو سولر نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے، عدلیہ کو انٹرنیٹ کی بہترین سہولت فراہم کی جائے گی، عدالتوں کو ای لائبریریز کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام تحصیلوں اور اضلاع میں بنیادی ضروریات پر کام جاری ہے، خواتین اور بچوں کیلئے سہولت مراکز کی فراہمی پر کام جاری ہے، تھرپارکر کی تحصیل نگرپارکر میں سولر سمیت تمام سہولیات موجود ہیں۔