بھارت: اسپتال میں وینٹی لیٹر پھٹنے سے 3 نوزائیدہ بچے جاں بحق
بھارت کی ریاست مہاراشٹر میںضلع امراوتی کے ایک سرکاری اسپتال کے خصوصی نوزائیدہ نگہداشت یونٹ میں آج صبح وینٹی لیٹر دھماکے سے پھٹ گیا اس کے ساتھ آگ بھڑک اٹھی۔ جس کے باعث تین نومولود بچے جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کے وقت وارڈ میں 39 بچے زیرِ علاج تھے۔آگ کے بعد اسپتال میں فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی گئی اور ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر عملے نے بچوں کو متاثرہ حصے سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔یہ واقعہ صبح تقریباً ساڑھے تین بجے اسپتال کی تیسری منزل پر پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ ایک وینٹی لیٹر میں دھماکے کے بعد لگی۔ آگ اور دھوئیں کی زد میں آنے والے تین نومولود شدید جھلس گئے اوران کی موت ہوگئی۔
پولیس کمشنر کے مطابق اسپتال کے اسپیشل نیوبورن کیئر یونٹ میں اس وقت 39 بچے داخل تھے۔ اس یونٹ میں تین حصے ہیں، ایک حصے میں اسپتال میں پیدا ہونے والے بچے، دوسرے میں باہر سے لائے گئے نومولود اور تیسرے حصے میں وہ بچے رکھے جاتے ہیں جو صحت یاب ہونے کے بعد گھر جانے کے قریب ہوتے ہیں۔
آگ لگنے کے فوراً بعد اسپتال کا عملہ حرکت میں آگیا۔ ڈاکٹروں اور نرسوں نے بچوں کو ایک ایک کرکے متاثرہ مقام سے باہر نکالا۔ اس دوران کئی بچوں کو ان کی زندگی بچانے والے طبی آلات سے عارضی طور پر الگ کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ امدادی کارروائی کے دوران 6 ایسے نومولود تھے جن کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان بچوں کی حالت زیادہ تشویش ناک بتائی جارہی ہے، تاہم دوسرے اسپتال میں علاج جاری ہے۔