ورلڈ کپ فائنل میں بدنظمی: ارجنٹائن کے لیانڈرو پریڈیس پر 10 میچوں کی پابندی، ٹیم کو جرمانہ
فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کے خلاف شکست کے بعد ہونے والی لڑائی پر ارجنٹائن کے فٹبالر لیاندرو پیریڈیز کو 10 میچز کے لیے معطل کردیا ہے، جبکہ ان کے ساتھی کھلاڑی نہوئل مولینا پر 7 میچز کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
فیفا کے مطابق دونوں کھلاڑیوں پر نوے، نوے ہزار ڈالر جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ فائنل کے اختتام پر اس وقت صورتِ حال کشیدہ ہوگئی تھی جب ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیاندرو پیریڈیز نے اسپین کے کھلاڑی گاوی کو دھکا دے کر زمین پر گرا دیا تھا۔ اس دوران اسپین کے متبادل کھلاڑی بھی اپنی ٹیم کی فتح کا جشن منانے کے لیے میدان میں داخل ہوگئے تھے۔
فیفا نے بتایا کہ پیریڈیز کو حملے سے متعلق تین الزامات جبکہ مولینا کو دو الزامات کا سامنا تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کو ان الزامات کی بنیاد پر سزائیں دی گئی ہیں۔ارجنٹائن کے کھلاڑی تھیاغو الماڈا اور اسپین کے گاوی کو غیر کھیلوں والے رویے کے ایک، ایک الزام کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں پر ایک، ایک میچ کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ارجنٹائن کے اسسٹنٹ کوچ روبرٹو آیالا کو بھی لڑائی کے ایک واقعے میں ملوث ہونے پر تین میچز کے لیے معطل کیا گیا ہے اور ان پر 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ آیالا نے فائنل کے بعد ہونے والے واقعے پر معذرت بھی کی تھی۔
ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر ورلڈ کپ کے دوران مختلف خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے۔ ان خلاف ورزیوں میں کھیل کے دوران غیر کھیلوں سے متعلق مظاہرے، ٹیم کے نامناسب رویے اور شائقین کی جانب سے امتیازی نعرے اور اشارے شامل ہیں۔
انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں ارجنٹائن کی کامیابی کے بعد بعض کھلاڑیوں کی جانب سے ایک بینر بھی دکھایا گیا تھا جس پر ”لاس مالویناس سون ارجنٹیناس“ یعنی ”فاک لینڈ جزائر ارجنٹائن کے ہیں“ درج تھا۔ فیفا نے کھیلوں کے مقابلے کو غیر کھیلوں سے متعلق مظاہروں کے لیے استعمال کرنا اپنے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا۔فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی نے کہا کہ جرمانے کی رقم میں سے ایک لاکھ ڈالر امتیازی سلوک کے خلاف اقدامات کے منصوبے پر خرچ کرنا ہوں گے۔ سزا کے کچھ حصے، جن میں دو میں سے ایک میچ اور ایک لاکھ ڈالر جرمانہ شامل ہے، معطل کیے گئے ہیں اور اس کے لیے ایک مخصوص آزمائشی مدت مقرر کی گئی ہے۔
فیصلوں کے خلاف اپیل کا حق موجود ہے۔ ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اس کا قانونی شعبہ پہلے فیفا سے ان فیصلوں کی مکمل وجوہات طلب کرے گا، جس کے بعد اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر وہ کھیلوں کی ثالثی عدالت، جو کھیلوں کے معاملات میں اعلیٰ ترین عدالت سمجھی جاتی ہے، سے بھی رجوع کرسکتی ہے۔ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کے قانونی مینیجر آندرس پاتون اوریچ نے ارجنٹائن کے اسپورٹس ادارے ’اولے‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی توجہ لیاندرو پیریڈیز اور نہوئل مولینا کی پابندی کی مدت کم کرانے کی کوشش پر ہے۔
فائنل میں اسپین نے اضافی وقت میں گول کرکے ارجنٹائن کو شکست دی تھی۔ میچ کے بعد ہونے والا یہ تنازع اب فیفا کی جانب سے پابندیوں اور جرمانوں کی صورت اختیار کر گیا ہے۔