تازہ ترین

وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے شفا انٹرنیشنل اسپتال سے علاج کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کسی سرکاری اسپتال میں کرایا جائے اور عدالتی حکم کے بعض نکات میں مناسب ترمیم کرکے ابہام دور کیا جائے۔

سپریم کورٹ:بانی پی ٹی آئی کو شفا ہسپتال منتقل کرنے کا حکم https://www.rehbernews.com/news_single_category.php?id=89260

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیس سے متعلق عدالتی حکم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے بعد متعلقہ حکام اور قانونی ٹیم سے مشاورت کی گئی جب کہ عدالتی حکم کے مختلف نکات کا قانون کی روشنی میں جائزہ لیا گیا ہے۔عدالتی حکم کے بعض نکات کا تعلق جیل اتھارٹی اور اسلام آباد انتظامیہ سے ہے، جن پر متعلقہ حکام کے ساتھ مشاورت کی گئی ہے۔نظرثانی کے ذریعے سپریم کورٹ سے عدالتی حکم میں مناسب تبدیلی کی درخواست کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے تاکہ بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کسی سرکاری اسپتال میں کرایا جاسکے۔ ان کے مطابق عدالتی احکامات کے تحت کسی بھی ادارے کے طبی ماہرین کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ سزا یافتہ قیدیوں کے علاج سے متعلق قانون میں طریقہ کار موجود ہے۔ جیلوں میں ہزاروں قیدی صحت کے مسائل سے دوچار ہیں اور قانون کے مطابق میڈیکل بورڈ یہ فیصلہ کرتا ہے کہ قیدی کا علاج جیل میں ہوگا یا اسے اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر قانون کے مطابق اگر کسی قیدی کو علاج کے لیے جیل سے باہر لے جانا ہو تو قانون کے مطابق اسے سرکاری اسپتال منتقل کیا جاتا ہے۔ جب تک یہ ثابت نہ ہوجائے کہ سرکاری اسپتال مطلوبہ علاج فراہم کرنے سے قاصر ہیں، اس وقت تک نجی اسپتال میں علاج کے لیے ایسے انتظامات نہیں کیے جاتے۔ موجودہ عدالتی فیصلے کے بعد کئی الجھنیں پیدا ہوں گی، جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ آیا یہ حکم دیگر جیلوں میں موجود تمام سزا یافتہ قیدیوں پر بھی لاگو ہوگا یا نہیں۔عدالتی حکم اس قانونی دائرہ کار کے اندر نہیں ہے جو کسی سزا یافتہ شخص کو جیل میں علاج اور سہولیات فراہم کرنے سے متعلق ہے۔

وزیر قانون کے مطابق لیگل ٹیم نے معاملے پر مشاورت مکمل کرلی ہے اور ابہام دور کرنے کے ساتھ عدالتی حکم میں مناسب تبدیلی کے لیے حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی کی این آر او کی خواہش بلندیوں پر ہے: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ تحریکِ انصاف کی اپنے قائد کے لیے این آر اوحاصل کرنے کی خواہش اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ آج پی ٹی آئی کے بے شمار میں سے ایک بانی کو غیر معمولی ریلیف ملا اور جس انداز میں پوری جماعت نے اس فیصلے پر جشن منایا، وہ اس کی اس شدید خواہش کی عکاسی کرتا ہے کہ کسی طرح ان کے نا اہل شدہ قائد کو جیل سے نکالا جائے۔یہ وہی شخص ہے جو ماضی میں دوسرے سیاست دانوں کو جیلوں میں ڈالنے اور ان کے لیے جیل کی زندگی مزید سخت بنانے کے مطالبات کیا کرتا تھا۔ ستم ظریفی کا شاید اس سے بڑا یوٹرن ممکن نہیں کہ جس شخص کو ایک ناقابلِ شکست اور خود ساختہ ;مردِ آہن کے طور پر پیش کیا گیا، آج اسی کی پوری جماعت اسے جیل سے اسپتال منتقل کرانے کے لیے فریاد کرتی نظر آ رہی ہے۔ اسپتالوں میں علاج تو پہلے بھی ہوتا رہا ہے اور اب بھی مجھے نیازی صاحب کو فوری، مؤثر اور مکمل طبی سہولت فراہم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن عدالتی فیصلے پر خوشیاں منانے سے پہلے پی ٹی آئی کو اپنے بیانیے کے ان واضح تضادات کا جواب ضرور دینا چاہیے۔ یہ قدرت کا انتقام ہے، آج غرور کے ہمالیہ پہاڑوں سے بھی مارگلہ کی پہاڑیاں زیادہ بلند دکھائی دے رہی ہیں۔ خلوص کے ساتھ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ عمران خان کو تمام بیماریوں سے شفا عطا فرمائے۔

Leave A Comment

Advertisement