تازہ ترین

رحیم یارخان(آن لائن )پنجاب کے سرکاری ملازمین معاشی بدحالی کاشکار اور کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں‘ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کے ملازمین کو بھی ان کا پورا حق دیاجائے‘ بنیادی مراعات کی بحالی تک جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ان خیالات کااظہار آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن وآل گورنمنٹ ایمپلائزگرینڈالائنس کے ضلعی صدر محبوب احمدخان نے اپیکا کے دیگر عہدیداران ملک ثناء اللہ‘ ریاض احمدجتالہ اورجام مجاہداحمد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے متعدد بار اپیکا واگیگا قیادت سے مذاکرات میں تمام مطالبات کودرست تسلیم کرتے ہوئے انہیں پورا کرنے کا وعدہ کیا اور احتجاج کاسلسلہ رکتے ہی حکومت پنجاب وعدوں سے پیچھے ہٹ گئی۔پنجاب کے سرکاری ملازمین کے مطالبات فوری پورے کئے جائیں تاکہ دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کے سرکاری ملازمین کو بھی ان کا حق مل سکے۔  ڈسپیرٹی الاؤنس میں 45 فیصد کا حصول‘ لیو ان کیش منٹ کے ظالمانہ نوٹیفکیشن کی واپسی‘ پنشن اصلاحات کے نوٹیفکیشن کی واپسی‘ رول 17 اے کی بحالی‘ ایس ایس ایز اور اے ای اوز اساتذہ کی مستقلی‘ لیب اٹینڈنٹ‘ کلاس فور ملازمین کی اپ گریڈیشن‘ اداروں کی نجکاری کا فیصلہ واپس لینے سمیت مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافہ کیاجائے۔

پنجاب بھر کے سرکاری ملازمین پرامن اورمحب وطن ہیں جواپنے حق کیلئے ہمیشہ پرامن احتجاج کرتے آئے ہیں لیکن حکومت پنجاب ہمارے پرامن احتجاج کوکمزوری نہ سمجھے‘ اگر حکومت نے فوری طور پر مطالبات تسلیم نہ کئے تو پنجاب اسمبلی کاگھیراؤ اور بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کیاجائیگا۔