سعودی عرب، ترکیہ، پاکستان میں سے کسی ایک ملک پر حملہ تینوں پر تصور ہو گا، دفاعی معاہدے پر دستخط
سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان نے مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے۔ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق مکہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاعی سربراہی اجلاس ہوا جس میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ سعودی ولی عہد، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جس کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اس معاہدے کا مقصد کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف کی مکہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفد کے دیگر ارکان بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے۔ملاقات میں خطے کی صورتِ حال اور دونوں ملکوں کی شراکت داری مزید مضبوط کرنے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سعودی ولی عہد کی دعوت پر گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے جہاں انہوں نے پاکستانی وفد کے دیگر ارکان کے ہمراہ عمرہ اور خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے تھے۔