تازہ ترین

برطانوی دارالحکومت لندن کے معروف سیاحتی اور تجارتی علاقے کوونٹ گارڈن میں ایک خاتون نے راہگیروں پر تیز دھار چاقو سے پے در پے وار کیے۔ چاقو بردار خاتون کے حملے سے افرا تفری مچ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس، ایمبولینس سروس اور لندن کی ایئر ایمبولینس نے ریسکیو کارروائی شروع کردی۔پولیس معمولی مزاحمت ک بعد خاتون حملہ آور کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی جبکہ 4 افراد کو چاقو کے گہرے وار کے باعث شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 2 کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ زخمی ہونے والے چاروں مردوں کی عمریں 34، 39، 42 اور 52 سال ہیں جن میں سے ایک کو بڑے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔

گرفتار خاتون کی عمر 47 سال ہے جن کے پاس سے ایک قینچی بھی برآمد ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ بظاہر ذہنی صحت سے متعلق معلوم ہوتا ہے اور فی الحال دہشت گردی یا منظم حملے کے شواہد نہیں ملے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آور خاتون اچانک سڑک پر لوگوں کی طرف بڑھی اور حملہ کرنا شروع کر دیا۔ ایک مقامی ریسٹورنٹ منیجر نے بتایا کہ وہ خاتون کو پہلے سے جانتا تھا اور اسے اکثر علاقے میں گھومتے یا غیر معمولی رویہ اختیار کرتے دیکھا گیا تھا۔ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کے سامنے بھی حملہ آور خاتون غیر مربوط انداز میں چیخ رہی تھی اور اس کی گفتگو واضح نہیں تھی۔پولیس نے واقعے کے بعد اینڈل اسٹریٹ اور ملحقہ علاقوں میں کچھ وقت کے لیے سیکیورٹی حصار قائم رکھا، فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کیے اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔

 

واضح رہے کہ کوونٹ گارڈن لندن کے مصروف ترین سیاحتی علاقوں میں شمار ہوتا ہے جہاں روزانہ ہزاروں مقامی اور غیر ملکی سیاح آتے ہیں۔ دن دہاڑے پیش آنے والے اس واقعے نے علاقے کی سیکیورٹی کے حوالے سے نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔

 

Leave A Comment

Advertisement