حماس کے مکمل غیرمسلح ہونے تک اسرائیلی فوجیں غزہ میں ہی رہیں گی، نیتن یاہو
اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج اس وقت تک غزہ میں اپنی موجودہ پوزیشنوں سے پیچھے نہیں ہٹے گی جب تک حماس کو مکمل طور پر غیر مسلح نہیں کر دیا جاتا۔ وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج غزہ میں موجودہ اپنے مورچوں سے واپس نہیں جائے گی۔ انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم بھی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ حماس کو مکمل طور پر غیر مسلح اور غزہ کو عسکری سرگرمیوں سے پاک بنایا جاسکتا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ سے متعلق جاری مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ثالثوں کی جانب سے اسرائیل کو ایک مسودہ بھیجا گیا تھا۔ ہم اس سے اتفاق نہیں کرتے تھے ہم نے اپنی تجاویز اور جواب بھی دیا۔ یہ سب میڈیا میں آنے سے پہلے کیا جا چکا تھا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے اس بیان پر امریکا کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم حماس اور فلسطین اتھارٹی نے اسے جارحانہ عزائم قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ مذمت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ حماس نے غیرمسلح ہونے کے لیے مشروط ہامی بھری تھی تاہم اب تک اسرائیل اور امریکا کی جانب سے اُن شرائط پر عمل درآمد نہیں کیا جا سکا ہے۔