بھارت: شوہر نے بیوی اور 2 بیٹیوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی
بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور 2 کمسن بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔واقعہ ضلع ہنسور کے قصبے نیو ماروتھی لے آؤٹ میں پیش آیا، ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت 49 سالہ ہریش، 36 سالہ نشچیتا، 13 سالہ نیکسا اور 6 سالہ رکھشا کے نام سے ہوئی ہے۔ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ہریش نے پہلے بیوی اور دونوں بیٹیوں کے منہ ٹیپ سے بند کیے اور بعد ازاں ان کا سانس بند کر کے انہیں قتل کر دیا۔اس کے بعد ہریش گھر کی پہلی منزل پر واقع کمرے میں گیا اور پھندا لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ گھر سے ایک خودکشی کا نوٹ بھی برآمد ہوا ہے جس کے آغاز میں لکھا تھا، میں اوپر والے کمرے میں خود کو پھندا لگا رہا ہوں، جبکہ اس کے بعد میری آخری خواہشات کے عنوان سے کئی ہدایات درج تھیں۔ واقعے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔