سام سنگ نے امریکا میں سینکڑوں ملازمین فارغ کر دیے، ہیڈکوارٹر بھی منتقل
جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے امریکا میں اپنے کنزیومر الیکٹرانکس کاروبار کے تحت سینکڑوں ملازمین کو فارغ کرنے اور ہیڈکوارٹر ٹیکساس منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سام سنگ الیکٹرانکس امریکا (SEA) اپنے نیو جرسی ہیڈکوارٹر کو ٹیکساس منتقل کر رہی ہے، جس کے باعث نیو جرسی میں 739 ملازمتیں متاثر ہوئی ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ملازمین کو ٹیکساس منتقل ہونے کی پیشکش کی گئی، تاہم منتقل نہ ہونے والے بعض ملازمین کی ملازمتیں ختم کر دی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹیکساس کے شہر پلینو میں بھی کمپنی کے موبائل ڈویژن سمیت مختلف شعبوں کے تقریباً 100 ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے۔سام سنگ کا کہنا ہے کہ ہیڈکوارٹر کی منتقلی کے باعث ورک فورس کے ڈھانچے میں تبدیلی ناگزیر تھی، تاہم کمپنی کے کنزیومر بزنس میں عالمی سطح پر کسی بڑے پیمانے کی تنظیمِ نو یا چھانٹی کا عمل جاری نہیں۔
ایک طرف مصنوعی ذہانت (AI) سے متعلق چپس کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث سام سنگ کے چپ ڈویژن کی آمدنی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جبکہ دوسری جانب موبائل فون، ٹی وی اور دیگر کنزیومر الیکٹرانکس کے شعبے بڑھتی لاگت اور سخت مسابقت کے باعث دباؤ کا شکار ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایپل اور چینی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی مسابقت کے باعث سام سنگ کے موبائل کاروبار کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ کمپنی اپنی توجہ زیادہ منافع بخش اے آئی چپ بزنس پر مرکوز کر رہی ہے۔
Leave A Comment