وزیر اعظم کا عبدالستار ایدھی کی 10 ویں برسی پر خراج عقیدت
معروف فلاحی و سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی 10 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔
عبدالستار ایدھی کی 10 ویں برسی پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عبدالستار ایدھی جیسی انسان دوست اور خدمت خلق کی داعی شخصیت بلا شبہ قوم کے لیے باعث فخر اور قومی اثاثہ ہے، انکی گراں قدر قومی و فلاحی خدمات پر انکو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ عبدالستار ایدھی نے مسائل کے حل کے سماجی پہلوؤں کو اجاگر کیا، انکی بیش قدر خدمات پاکستان کی سماجی تاریخ کا غیر معمولی حصہ ہیں۔عبدالستار ایدھی جیسی شخصیات نوجوان نسل کیلئے قابل تقلید ہیں انہوں نے ثابت کیا کہ ہر شخص اپنے تئیں معاشرتی اصلاح میں تعمیری کردار ادا کرسکتا ہے۔عبدالستار ایدھی کی عوامی خدمات معاشرے میں احساس، رواداری، باہمی آہنگی جیسی مثبت اقدار کے فروغ میں نمایاں حیثیت رکھتی ہیں۔ عبدالستار ایدھی کی بلندی درجات کے لئے دعا گو ہیں، ان کی سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔