بھارت اور افریقہ میں اچانک بارشیں، کئی بستیاں تباہ، درجنوں افراد ہلاک اور متعدد لاپتا
دنیا کے مختلف حصوں میں مون سون کی شدید بارشوں اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ بھارت کی کئی ریاستیں اور مغربی افریقا کے ملک گھانا اس وقت شدید قدرتی آفت کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجنوں بستیاں پانی میں ڈوب چکی ہیں اور متعدد قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔
بھارت کی ریاست آسام اور اروناچل پردیش میں مسلسل بارشوں کے بعد شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ کئی دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ سیلابی ریلے آبادیوں میں داخل ہو گئے ہیں۔متاثرہ علاقوں میں لوگوں نے اپنی روزمرہ زندگی کے لیے گاڑیوں کی جگہ کشتیوں کا استعمال شروع کر دیا ہے، جبکہ کئی افراد محفوظ مقامات کی طرف پیدل نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اروناچل پردیش میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلے اب آسام اور شمال مشرقی علاقوں کی طرف بڑھ رہے ہیں جس سے صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی دوران بھارت کے مالیاتی شہر ممبئی اور اس کے مضافات میں بھی مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں تقریباً 100 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ جس سے سڑکیں اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔موسمی حالات مزید خراب ہونے کی پیش گوئی کے بعد انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
مغربی افریقہ کے ملک گھانا میں بھی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ایک ہی دن میں تقریباً 169 ملی میٹر بارش کے بعد کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ مختلف حادثات اور سیلابی ریلوں میں اب تک درجنوں افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ کئی افراد لاپتا ہیں۔ امدادی ٹیموں نے تقریباً 400 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ جبکہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔