تازہ ترین

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے  قومی ہاکی کیلنڈر 2026-27 کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اسلام آباد میں سال بھر کے دوران 6 بڑے قومی ہاکی ایونٹس منعقد کیے جائیں گے۔

پی ایچ ایف کے مطابق نئے ڈومیسٹک سیزن میں خواتین، جونیئرز اور اسکول سطح پر ٹیلنٹ کے فروغ کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ تمام صوبائی اسپورٹس بورڈز، تعلیمی اداروں اور متعلقہ تنظیموں کو ایونٹس کی تیاریوں کا فوری آغاز کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن، کوچنگ کیمپس اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز جلد شروع کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ حکام کے مطابق ڈومیسٹک سیزن کا بنیادی مقصد ہاکی کے ڈھانچے کو نچلی سطح سے مضبوط بنانا اور اسکول سے ایلیٹ لیول تک کھلاڑیوں کو مسلسل مسابقتی مواقع فراہم کرنا ہے۔

اعلان کردہ شیڈول کے مطابق نیشنل ویمنز ہاکی چیمپئن شپ 2 سے 11 جولائی 2026 تک کھیلی جائے گی، جبکہ نیشنل انڈر 15 بوائز اینڈ گرلز ہاکی چیمپئن شپ 12 سے 22 نومبر 2026 تک منعقد ہوگی۔

اسی طرح نیشنل انڈر 21 ہاکی چیمپئن شپ 2 سے 12 جنوری 2027 تک کھیلی جائے گی، جبکہ نیول کپ سینئر مینز ہاکی ٹورنامنٹ 16 سے 26 مارچ 2027 تک جاری رہے گا۔

 چیف آف آرمی اسٹاف ہاکی چیمپئن شپ 5 سے 15 اپریل 2027 تک منعقد ہوگی، جبکہ نیشنل بینک گولڈ کپ 25 اپریل سے 5 مئی 2027 تک کھیلا جائے گا۔

پی ایچ ایف نے انٹر اسکول اور انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹس کے انعقاد پر بھی زور دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ انڈر 15، انڈر 18 اور ویمنز چیمپئن شپس میں بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے۔فیڈریشن کے مطابق ایونٹس کے ضوابط، کھلاڑیوں کی اہلیت اور رجسٹریشن سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ پی ایچ ایف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کا عالمی ہاکی میں کھویا ہوا وقار بحال کرنا اور نئی نسل کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا اس ڈومیسٹک کیلنڈر کا بنیادی ہدف ہے۔

Leave A Comment

Advertisement