انڈر 18 ایشیا کپ 2026 میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پاکستان کی ہاکی ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال
جاپان کے شہر کاکامی گاہارا میں منعقدہ مردوں کے انڈر 18 ایشیا کپ 2026 میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پاکستان کی انڈر 18 ہاکی ٹیم کاوطن واپسی پر کراچی میں شاندار استقبال کیا گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سینئر عہدیداران اور پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ کمیٹی کے سربراہ، لیجنڈری اولمپین حسن سردار جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نوجوان کھلاڑیوں کے استقبال کے لیے موجود تھے۔اعزاز کے طور پر ایئرپورٹ پر تعینات کسٹمز حکام نے بھی کانسی کا تمغہ جیتنے والی قومی ٹیم کو باضابطہ سلامی پیش کی۔ پاکستان نے کانسی کے تمغے کے میچ میں ملائیشیا کو 0-3 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ قومی ٹیم نے نظم و ضبط اور عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کا اختتام پوڈیم پر کیا۔
پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے کھلاڑیوں کی لگن، ثابت قدمی اور ملک کا نام روشن کرنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ کانسی کا تمغہ جیتنا اس جنگجویانہ جذبے کا مظہر ہے جو ہمیشہ سے پاکستان ہاکی کی پہچان رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ نوجوان کھلاڑی قومی کھیل کے روشن مستقبل کی نمائندگی کرتے ہیں اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی مزید ترقی اور کامیابی کے لیے فیڈریشن ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔