تازہ ترین

پاکستان فٹبال فینز کا طویل انتظار ختم ہوگیا، قومی ٹیم نے بالآخر 961 دن بعد فٹبال کے میدان میں کامیابی حاصل کرلی۔ مالدیپ میں جاری ڈائمنڈ جوبلی چار ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے میزبان ملک کو 0-3 سے شکست دی۔ پاکستان کے جانب سے عمر نواز، عبدالصمد ارشد اور ہارون حامد نے گول اسکور کئے۔

مالے میں جاری ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بنگلادیش سے مقابلہ برابر کرنے کے بعد پاکستان ٹیم پر مالدیپ کے خلاف میچ ہر حال میں جیتنے کا دباؤ تھا۔پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں اور جب ریفری نے وقفے کی سیٹی بجائی تو مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم دوسرے ہاف میں پاکستان ٹیم نے پھرتی کا مظاہرہ کیا۔54ویں منٹ میں پاکستان کے نوجوان عمر نواز نے گول کرکے ٹیم کو 0-1 کی برتری دلادی۔ یہ عمر نواز کا پاکستان کے جانب سے دوسرا میچ تھا اور وہ پہلی مرتبہ اسٹارٹنگ الیون کا حصہ بنے تھے۔میچ کے 84ویں منٹ میں عبدالصمد نے گول کرکے مقابلہ 0-2 کیا اور تین منٹ بعد ہارون حامد نے ایک اور گول کرکے مقابلہ 0-3 کردیا اور اس ہی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔یہ مالدیپ کے خلاف پاکستان کی 1991 کے بعد انٹرنیشنل فٹبال میچ میں پہلی کامیابی ہے، ساتھ ساتھ پاکستان فٹبال ٹیم نے بھی فتحوحات سے محرومی کا موجودہ سلسلہ 961 دن کے انتظار کے بعد ختم کیا۔قومی ٹیم نے اس سے قبل آخری میچ 17 اکتوبر 2023 کو کمبوڈیا کے خلاف جیتا تھا۔

پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ کا آخری پول میچ 7 جون کو افغانستان کے خلاف کھیلے گا اور ٹاپ ٹو میں جگہ برقرار رکھنے کی صورت میں پاکستان ٹیم 10 جون کو فائنل کھیلے گی۔

Leave A Comment

Advertisement