امریکی: ڈیلس میں گیس دھماکا، 3 افراد جاں بحق
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس کی ایک عمارت میں گیس دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ امریکی شہر ڈیلس کے علاقے اوک کلف میں اپارٹمنٹ کمپلیکس میں ہونے والے خوفناک گیس دھماکے اور آتشزدگی کے بعد امدادی کارروائیاں ریسکیو مرحلے سے ریکوری مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔ گیس دھماکے سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوچکی ہے جن میں 2خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ڈیلس فائر ریسکیو کے ترجمان کے مطابق تین زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک مگر بہتر ہے، جبکہ دیگر دو زخمیوں کو طبی امداد دی گئی ہے اور انکو رات گئے تک گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔ دو دیگر افراد معمولی زخمی ہوئے جنہوں نے خود پسپتال پہنچ کر علاج کروایا۔ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ امدادی آپریشن اب ریکوری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور امکان ہے کہ یہ کارروائیاں مزید دو سے چار گھنٹے یا اس سے بھی زیادہ وقت تک جاری رہیں گی۔