سونے کی قیمت 2ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی
امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی مالیاتی منڈیوں میں بے یقینی مزید بڑھ گئی ہے، جس کے نتیجے میں سونے کی قیمتیں دو ماہ کی کم ترین سطح تک آگئیں، امریکی ڈالر کا استحکام اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے خدشات میں اضافے کا باعث بن گیا، جبکہ سرمایہ کاروں کی توجہ عالمی معیشت کی لحظہ لحظہ بدلتی صورتحال پر مرکوز ہے۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 1.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی اونس قیمت 4 ہزار 380 ڈالر 62 سینٹ تک گر گئی، اس سے قبل سونے کی قیمت 26 مارچ کے بعد اپنی سب سے کم سطح پر تھی۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ ایران پر امریکی کارروائیوں کے بعد امریکی ڈالر گزشتہ 7روز کی بلند ترین سطح پر آگیا ہے۔ ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث دیگر کرنسیوں میں سرمایہ رکھنے والے افراد کے لیے سونا مزید مہنگا ہو گیا
اسٹون ایکس کے سینئر تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی تناؤ بدستور برقرار ہے اور امن مذاکرات سے متعلق بار بار غلط توقعات پیدا ہو رہی ہیں، اس لیے امکان ہے کہ ڈالر کی مضبوطی جاری رہے گی اور اسی وجہ سے سونا مزید سستا ہوسکتا ہے۔
امریکا کے ایران پر جاری حملوں اور اسرائیل کی جانب سے لبنان پر بمباری جیسے واقعات کے باعث عالمی معیشت بے یقینی اور گراوٹ کا شکار ہے، سونے کے مقابلے میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کے نتیجے میں سونے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کا عمل جاری ہے۔