کراچی :پاکستان اسٹیل ملز سے قیمتی دھاتیں چوری کرنے میں ملوث 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 ملزم گرفتار
پولیس نے بن قاسم ٹاؤن میں اہم کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل ملز سے قیمتی دھاتیں چوری کرنے میں ملوث 5 پولیس اہلکاروں سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں پولیس کانسٹیبل عرفان شاہ، سعداللہ، منیب، رحمت اور محمد علی کے علاوہ عبد الکریم، معشوق علی، صدام حسین، جاوید اور قاضی طاہر شامل ہیں۔ملزمان کے قبضے سے 30 کلو چوری شدہ تانبا، 3 موٹر سائیکلیں اور موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان بدنام زمانہ اسٹیل مل چور روشن مری کیلئے کام کر رہے تھے۔گرفتار کانسٹیبل عرفان شاہ روشن مری کی مدد سے چوروں کو پاکستان اسٹیل مل میں داخل کرواتا تھا جبکہ دیگر 4 پولیس اہلکار چوری شدہ سامان وصول کر کے عرفان شاہ تک پہنچاتے تھے۔بعد ازاں عرفان شاہ اور روشن مری یہ سامان کباڑی علی اور دیگر افراد کو فروخت کرتے تھے۔ گرفتار 4 پولیس اہلکار بن قاسم جبکہ ایک اہلکار 15 مددگار بن قاسم میں تعینات تھا۔گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
Leave A Comment