مقامی طورپر نیا جننگ سیزن شروع ہونے سے قبل ہی پاکستان نے امریکہ اور برازیل سے روئی درآمدکرنا شروع کردی
پاکستان کی تاریخ میں ایک بے مثال پیشرفت ہوئی ہے اور مقامی ٹیکسٹائل ملوں نے نئے کاٹن جننگ سیزن کے آغاز سے پہلے ہی امریکہ سے بڑے پیمانے پر روئی کی درآمد شروع کر دی ہے،کہاجارہاہے کہ ملک میں روئی کا ذخیرہ تقریباً ختم ہو چکا ہے، جس سے مقامی کپاس اور پھٹی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔مقامی ٹیکسٹائل ملوں نے گزشتہ ہفتے کے دوران فروخت ہونے والی امریکی 2026-27 کپاس کی کل 216,000 گانٹھوں میں سے غیر معمولی 206,100 گانٹھیں خریدی ہیں ,جو تقریباً 95 فیصد ہیں۔ ملرز برازیل سے بڑے پیمانے پر کپاس درآمد کر رہے ہیں۔
مالی سال 2026-27 کے دوران، ملک کپاس اور خوردنی تیل کی درآمد پر اربوں ڈالر کا زرمبادلہ خرچ کر سکتا ہے، جو کہ ممکنہ طور پر ان اجناس کے لیے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ درآمدی بل ہے، کپاس کی بحالی کے حوالے سے بارہا اعلانات کے باوجود پاکستان کے سب سے بڑے کپاس پیدا کرنے والے علاقے رحیم یار خان میں ایک اور شوگر مل کی منظوری کپاس کی کاشت کی بحالی کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
کراچی کاٹن ایسوسی ایشن جو کہ عالمی سطح پر پاکستان کے کاٹن سیکٹر کی نمائندگی کرنے والے دو بڑے اداروں میں سے ایک ہے، 12 دسمبر 2025 سے ملکیت کے مبینہ تنازعہ کی وجہ سے سیل کر دیا گیا ہے اور عالمی منڈی میں پاکستان کی نمائندگی ہی نہیں تھی،ایک اور تشویشناک پیش رفت سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (CCRI) کی زمینوں پر ایک جم خانہ کلب کی تعمیر ہے جو کبھی برصغیر کی پہلی وائرس سے پاک کپاس کی قسم تیار کرنے کے لیے مشہور تھا۔
کاٹن جنرز فورم کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) نے آئندہ وفاقی بجٹ میں کپاس، کاٹن سیڈ، کاٹن سیڈ آئل، آئل کیک اور تیل کی گندگی پر سیلز ٹیکس ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔ دریں اثنا، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (APTMA) نے توانائی کے نرخوں اور مارک اپ کی شرحوں میں کمی کے ساتھ ساتھ سپر ٹیکس اور دیگر لیویز کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔