تازہ ترین

چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ روس اور چین کو تمام یک طرفہ غنڈہ گردی اور تاریخ کو پلٹانے والے اقدامات کی مخالفت کرنی چاہیے۔بیجنگ میں چین اور روس کے صدور نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور اسٹریٹجک تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے اس موقع پر کہا کہ روس اور چین کے تعلقات احترام، برابری اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں اور اب یہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہر سطح پر اسٹریٹجک رابطے اور تبادلے جاری رکھیں گے جبکہ توانائی وسائل، مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی جدت میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ چین کے 15 ویں سالانہ ترقیاتی منصوبے کو روسی ترقیاتی حکمتِ عملی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا۔روس اور چین کو یک طرفہ غنڈہ گردی اور تاریخ مسخ کرنے کی کوششوں کی مشترکہ مخالفت کرنی چاہیے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے چینی صدر کی گرم جوش میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روس اور چین کے تعلقات غیر معمولی سطح پر پہنچ چکے ہیں اور مسلسل ترقی کر رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مذاکرات دوستانہ، تعمیری اور نتیجہ خیز رہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تقریباً تمام تجارتی لین دین روسی اور چینی کرنسی میں ہو رہا ہے جبکہ روس چین کو توانائی کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔ 

 

Leave A Comment

Advertisement