چین : صوبہ ہونان میں آتش بازی کا سامان بنانے والے کارخانے میں دھماکہ، 21 افراد ہلاک، 61 زخمی
چین کے صوبے ہونان میں آتش بازی کا سامان بنانے والے ایک کارخانے میں ہونے والے زور دار دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ دھماکہ سوموار کے روز مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 40 منٹ پر شہر لیویانگ میں قائم ’ہوا شینگ فائر ورکس فیکٹری‘ میں پیش آیا، جس کے بعد ریسکیو حکام نے کارخانے کے تین کلومیٹر کے دائرے میں موجود تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
حکام کے مطابق سرچ اور ریسکیو آپریشنز اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تقریباً 500 اہلکار تعینات کیے گئے، جبکہ عمارت کے اندر پھنسے افراد کو تلاش کرنے کے لیے روبوٹس کی مدد بھی لی گئی۔
چینی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور آتش بازی کا سامان بنانے والی کمپنی کے ذمہ دار فرد کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ فیکٹری کے احاطے میں موجود دو بارود کے گودام ریسکیو کارروائیوں کے دوران شدید خطرے کا باعث بنے رہے۔ریسکیو ٹیموں نے تین کلومیٹر کے دائرے میں انخلا کے علاوہ علاقے کو نم رکھنے جیسے حفاظتی اقدامات بھی کیے تاکہ ’ریسکیو کے دوران کسی اور حادثے‘ سے بچا جا سکے۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے ہدایت کی ہے کہ لاپتہ افراد کی تلاش اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔