تازہ ترین

لبنان میں جنگ بندی میں توسیع کیلئے لبنان اور اسرائیل کے مذاکرات آج ہوں گے۔لبنان کےصدر جوزف خلیل عون کا کہنا ہے کہ لبنان جنگ بندی میں توسیع کیلئے مذاکرات جاری ہیں، مذاکرات میں چار شرائط پر بات ہوگی جن میں اسرائیلی جارحیت کو روکنا، اسرائیلی انخلاء کا حصول، قیدیوں کی واپسی پر رضامندی اور لبنانی فوج کی تعیناتی شامل ہیں۔لبنان جنگ بندی میں ایک ماہ توسیع کی درخواست کرے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکا میں لبنانی سفیر کل امریکی محکمہ خارجہ میں ہونے والے مذاکرات میں لبنان کی نمائندگی کریں گی۔

دوسری جانب لبنان میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 62 ہزار سے زائد رہائشی یونٹس تباہ یا متاثر ہوئے ہیں۔نیشنل کونسل فار سائنٹیفک ریسرچ (سی این آر ایس ) کے سربراہ شادی عبداللّٰہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ تقریباً 45 دنوں کے دوران 21 ہزار 700 رہائشی یونٹس مکمل طور پر تباہ جبکہ 40 ہزار 500 کو نقصان پہنچا۔جنگ بندی کے ابتدائی تین دنوں میں بھی 428 رہائشی یونٹس تباہ اور 50 کو نقصان پہنچا۔

لبنان کی وزیر ماحولیات تمارا زین نے صحافیوں کو بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں رہائشی علاقوں، شہری انفرااسٹرکچر اور عبادت گاہوں کو بھی نہیں بخشا گیا، جبکہ زرعی زمینوں اور جنگلاتی علاقوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔

رپورٹ کے مطابق 2 مارچ کو اسرائیل اور حزب اللّٰہ کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی لڑائی کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 2 ہزار 400 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

 

Leave A Comment

Advertisement