لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا، امریکی صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک 10 روزہ سیزفائر پر متفق ہوگئے ہیں۔ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کی لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے مثبت گفتگو ہوئی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے امن کے لیے باضابطہ طور پر شام 5 بجے (ایسٹرن ٹائم) سے 10 روزہ جنگ بندی شروع کرنے پر اتفاق کیا، ( یہ وقت پاکستان میں رات 2 بجے کا ہوگا)۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ لبنانی صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو وائٹ ہاؤس بلاؤں گا، دونوں ممالک کے رہنماؤں کو 1983کے بعد پہلی بامعنی بات چیت کیلئے مدعو کروں گا، دونوں فریق امن دیکھنا چاہتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ جلد ہو جائے گا۔نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ روبیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس ڈین کین کو ہدایت دی گئی ہے کہ اسرائیل اور لبنان کے ساتھ مل کر مستقل امن کے لیے کام کریں۔
ٹرمپ نے مزید دعویٰ کیا کہ وہ دنیا بھر میں 9 جنگیں ختم کروا چکے ہیں اور یہ ان کی 10ویں کامیابی ہوگی۔